Time 09 اکتوبر ، 2023
کھیل

کرکٹ کی اولمپک گیمز میں شمولیت کی راہیں ہموار ہوگئیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کرکٹ کو 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولپمکس میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس کے بعد اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس آرگنائزرز  نے کرکٹ کو 2028 گیمز میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے، اس حوالے سے آئی سی سی نے بھی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں کرکٹ کھیلی جا چکی ہے، جب انگلینڈ  اور  فرانس نےگولڈ میڈل کے لیے ایک ہی میچ کھیلا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس میں مردوں اور خواتین کا ٹی 20 ٹورنامنٹ ہوگا۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ  اولمپک گیمز  میں کرکٹ کی شمولیت سے ایشیا بالخصوص برصغیر میں ممکنہ طور  پر منافع بخش تجارتی مارکیٹ کھل جائے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ بھارت  میں  اولمپک گیمز کے نشریاتی حقوق انفرادی کھیلوں کے لیے فروخت کیے جاتے ہیں اور پیرس 2024 کے لیے صرف15اعشاریہ 6 ملین پاؤنڈ کی قیمت لگائی گئی ہے لیکن ماہرین کے مطابق اگر کرکٹ کو لاس اینجلس گیمز میں شامل کیا جائے تو یہ رقم 150 ملین پاؤنڈ تک بڑھ سکتی ہے۔

اس کے علاوہ فلیگ فٹ بال، بیس بال اور سافٹ بال بھی 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شمولیت کے لیے تیار  ہیں۔

نئے کھیلوں کی شمولیت کا فیصلہ آئی او سی کے سالانہ اجلاس میں ہوگا، آئی او سی کا 141 واں اجلاس ممبئی میں 16 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔

کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کی سفارش پر آئی سی سی نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلےکا کہنا ہےکہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کے لیے دو سال بھرپور محنت کی،  ابھی حتمی فیصلہ ہونا ہے مگر ہم کرکٹ کو اولمپکس میں دیکھنے کے لیے پر امید ہیں۔

مزید خبریں :