12 جنوری ، 2013
کراچی…وہاڑی اور ساہیوال میں پولیس اور ڈاکووٴں کے درمیان مبینہ مقابلے میں چارڈاکو ہلاک اوردو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ساہیوال میں کالج چوک پر ڈاکووٴں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں تین ڈاکو ہلاک اور دو پولیس اہل کار زخمی ہوگئے جبکہ تین ڈاکو فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مارے گئے ڈاکو اغوا برائے تاوان کی واردات میں مطلوب تھے۔ پولیس کی کارروائی میں فرید ٹاوٴن سے چارروز قبل اغوا کیے گئے لڑکے کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے اور تاوان میں وصول کی گئی 15لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ دوسری جانب وہاڑی کے نواحی علاقے میراں پور میں پولیس نے ڈاکووٴں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر پرچھاپا مارا تو ڈاکووٴں نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ریاض عرف ڈاکٹر ہلاک ہوگیا جبکہ ایک ڈاکو فرار ہوگیا۔