14 اکتوبر ، 2023
احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے سب سے بڑے میچ میں بھارتی شائقین پاکستان کو شکست دے کر خوش تو دکھائی دیے لیکن زیادہ خوش نظر نہیں آئے۔
میچ کے بعد جیو سےگفتگو میں بھارتی شائقین نے تسلیم کیا کہ انہیں احمد آباد گراؤنڈ میں پاکستانی مداحوں کی کمی محسوس ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مداح ہوتے تو ان کے ساتھ مقابلے بازی ہوتی ہے اور پھر جیت ہوتی تو انہیں چڑانے میں زیادہ مزا آتا ہے، پاکستانیوں کو بھارت کے ویزے ملنے چاہیے تھے۔
بھارتی شائقین کا کہنا تھا کہ جس طرح کے میچ کی توقع لےکر وہ آئے تھے، ایسا مقابلہ دیکھنے کو نہیں ملا اور میچ یک طرفہ رہا، پاکستانی اننگ کے بعد ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ بھارت میچ جیت چکا ہے۔
کچھ شائقین کا کہنا تھا کہ بھارت کی پہلے بیٹنگ اچھی تھی، اب بولنگ بھی اچھی ہوتی جا رہی ہے، شائقین نے کہا کہ پیسے وصول نہیں ہوئےکیونکہ ہزاروں روپےکے ٹکٹ لیے، پروگرام بنایا لیکن میچ یک طرفہ ثابت ہوا، پاکستان 250 اسکور کرتا یا 300 تو مقابلہ اچھا ہوسکتا تھا۔
کچھ بھارتی شائقین کو پاکستانی ٹیم کی بری کارکردگی پر افسوس بھی ہوا، ایک فین نےکہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے بھارت اب ویمنز ٹیم بنائےگا، شاید یہ ان کو ہراسکیں، کسی نےکہا کہ ہمارا ورلڈکپ ختم ہوگیا، پاکستان کو ہرا کر سمجھو ہم ورلڈکپ جیت گئے،کسی کو امید تھی کہ فائنل میں پھر سے مقابلہ پاکستان اور بھارت کا ہوگا۔