Time 18 اکتوبر ، 2023
کھیل

'پاکستانی کرکٹرز کا دیا سبق یاد رہے گا'، مقامی بھارتی کرکٹرز کی پاکستانی کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس

کہتے ہیں فینز کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں، جہاں اپنے اسٹار کو دیکھنے کا موقع ملے تو دیوانہ وار ان کے پاس پہنچ جاتے ہیں، بھارت میں بھی پاکستانی ٹیم کے پہنچنے پر کچھ ایسا ہی ہوا۔

بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم پریکٹس کے لیے پہنچی تو فینز کئی گھنٹے پہلے ہی اسٹیڈیم پہنچ کر کھلاڑیوں کی راہ تک رہے تھے اور پریکٹس کے بعد جب سیلفی کا موقع ملا تو فینز کی خوشی دیدنی تھی۔

کوئی سیلفی بنانے میں کامیاب ہوا تو کسی کو بابر اعظم کی ایک جھلک دیکھنے کا موقع ملا۔

نیٹ پر پاکستانی کھلاڑیوں کو پریکٹس کرانے والے بنگلورو کے مقامی کرکٹرز بھی بابر اعظم کو بولنگ کرانے پر بہت خوش نظر آئے۔

ان مقامی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم سے ملنا اور پھر ان کو پریکٹس کرانا ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

اسپینر پردیب کمار کا کہنا تھا کہ افتخار احمد نے انہیں بولنگ کے دوران اچھے ٹپس بھی دیے، پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں سے بات چیت بھی ہوئی، بابر اعظم کو بہت گیندیں کرائیں لیکن وہ کسی گیند پر پریشان نہیں ہوئے، اسی طرح امام الحق، فخر زمان نے بھی انہیں سیم سے گیند کرانے کا مشورہ دیا۔

نوجوان کرکٹرز کا کہنا ہے تھا کہ اس ایک سیشن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ، پاکستانی کھلاڑیوں کا دیا سبق ہمیشہ یاد رہے گا۔

مزید خبریں :