12 جنوری ، 2013
کراچی … جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا کوئی ایجنڈا واضح نہیں، لیکن یہ واضح ہے کہ ڈاکٹرطاہر القادری کسی نا کسی کے ایجنٹ بن کرکام کررہے ہیں۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر غفور احمد کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سب پیسوں کا کھیل ہے اتنے ارب روپے خرچ کرکے کہیں بھی کروڑوں کا مجمع جمع ہوسکتا ہے لیکن ملک ایسی شعبدے بازیوں کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرطاہر القادری کے فلسفے پر اب کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت کو اعتبار نہیں ہے، کیوں کہ جو شخص پاکستان کے حالات کے بارے میں کچھ نہیں جانتا وہ کیسے تبدیلی لا سکتا ہے۔ ایک سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الطاف حسین کے ڈرون حملے سے قائد اعظم جاں بحق ہوئے۔