پاکستان
12 جنوری ، 2013

سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی، ملک بھر میں مظاہرے

سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی، ملک بھر میں مظاہرے

کراچی … سانحہ کوئٹہ میں شہیدوں کے لواحقین 86 جنازوں کے ساتھ علمدار روڈ پر جمعے کی شام سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، جن سے اظہا ریکجہتی کیلئے شدید سردی کے باوجود ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور بلوچستان حکومت کی بے حسی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور برفباری بھی ہورہی ہے، خون جما دینے والی سردی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شہریوں کی جانب سے یادگار شہداء پر احتجاج کیا جارہا ہے۔ مظاہرین سانحہ کوئٹہ کے شہیدوں کی یاد میں شمعیں جلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک قاتل نہیں پکڑے جاتے مظاہرہ جاری رہے گا۔ گوجرانوالہ میں پنڈی بائی پاس پر دھرنا دیا گیا، مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے، احتجاج کے باعث اسلام آباد اور لاہور جانے والی ٹریفک 6 گھنٹے معطل رہی۔ ملتان کے علاقے چوک نواں میں سانحہ کوئٹہ کے شہیدوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اور حکومت بلوچستان کے خلاف مظاہرہ جاری ہے۔ بھکر میں شہداء چوک اور ڈیرہ غازی خان میں حیدریہ چوک پر دھرنے دیئے گئے۔ چکوال میں بون چوک اور سیالکوٹ میں چائنا چوک سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرین کاگڑھ بنے رہے۔ بلوچستان حکومت کی ہٹ دھرمی کے خلاف حیدرآباد بائی پاس پر بھی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے باعث اندرون ملک ٹریفک معطل ہے۔ سکھر میں احتجاج کرنیوالے مظاہرین قومی شاہراہ پر نکلے اور روڈ بلاک کیا۔ جیکب آباد میں پریس کلب اور بدین میں شاہ نواز چوک پر مظاہرے ہوئے۔ کوہاٹ کے نواحی علاقے استرزئی میں بھی کوئٹہ دھماکوں میں شہید ہونیوالے افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ ہوا۔

مزید خبریں :