18 اکتوبر ، 2023
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکشن کی سیاست نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا، پاکستان کی جمہوریت، آئین اور الیکشن کو ایک شخص کی واپسی کیلئے روکا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کراچی میں جلسہ کیا۔
جلسے سے بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کیا اور ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ عام انتخابات کی تاریخ دی جائے، عوام کو ووٹ کا حق استعمال کرنے دیا جائے کیونکہ سلیکشن کی سیاست نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ سلیکشن کی سیاست نےجمہوریت کا جنازہ نکال دیا، کچھ بھی ہوجائے الیکشن کرانا ہوگا، پاکستان کی جمہوریت، آئین اور الیکشن کو ایک شخص کی واپسی کیلئے روکا گیا، ہمارے سابق اتحادی بھی مانیں گے، باربار الیکشن کا التوا ووٹ کی عزت نہیں ووٹ کی بےعزتی ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ فلسطینیوں کو ظالمانہ طریقے سے شہید کیا جا رہا ہے، نگران وزیراعظم اور نگراں وزیر خارجہ سے مطالبہ ہے کہ فلسطینی عوام کے لیے آواز اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت درست نہیں ، نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے خدمت کی سیاست کرنی ہوگی اور ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہوگا۔