12 جنوری ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ اور سوات بم دھماکوں میں 150 سے زائد افراد کی شہادت پر کل ملک بھر میں پْرامن یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین نے کہا عوام اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی سرد مہری کے خلاف احتجاجاً تمام کاروبار بند رکھیں اور اس دوران توڑ پھوڑ، جلاوٴ گھیراوٴ سے ہر قیمت پر پرہیز کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ لواحقین کے مطالبے پر کوئٹہ فوج کے حوالے کیا جائے اور مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ اس سے قبل الطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ اور ہزار ہ کمیونٹی کی جانب سے میتوں کے ہمراہ احتجاج پر وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حکومت بلوچستان کی مسلسل بے حسی اور سرد مہری پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔