12 جنوری ، 2013
لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں 14 جنوری کے لانگ میں ایم کیو ایم کی عدم شرکت، کوئٹہ میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ الطاف حسین نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم میں جمہوریت ہے اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں، گزشتہ دنوں رابطہ کمیٹی نے طویل اجلاس کے بعد فیصلہ کیا کہ لانگ مارچ میں شرکت نہ کی جائے، یہ رابطہ کمیٹی کا متفقہ فیصلہ تھا جس پر میں آپ سے انتہائی معذرت خواہ ہوں۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم، تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ میں شریک نہیں ہوگی تاہم میرا دل، میری روح اور ایم کیو ایم کا اخلاقی تعاون ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری سے درخواست کی کہ آپ اپنا بہت خیال رکھیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور آپ کو کامیابی و کامرانی نصیب فرمائے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے کہاکہ آپ کا اور ہمارا قلبی تعلق ہے، آپ معافی جیسے کلمات ادا نہ کریں، لانگ مار چ میں عدم شرکت کا فیصلہ کرنا آپ کی جماعت کا جمہوری حق ہے، جس پر مجھے کوئی ملال اور شکوہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ اور آپ کی جماعت نے ہماری جدوجہد میں جتنا بھی تعاون کیا ہے اس پر میں اور میری جماعت آپ کی شکر گزار ہے اور ہمارے درمیان تعلق قائم رہے گا۔