نواز شریف کے خصوصی طیارے کوپاکستان آنے کیلئے این او سی مل گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے خصوصی طیارے کو پاکستان آنے کیلئے این او سی جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق  نواز شریف خلیجی ائیر لائن کے طیارے بوئنگ سیون تھری ایٹ کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔

نواز شریف کے خصوصی طیارے نے سی اے اے سے 21 اکتوبر کو دن ساڑھے 12 بجے لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی، سی اے اے نے خلیجی ائیرلائن کی خصوصی پرواز نمبر 4525 کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا خصوصی طیارہ دن ڈھائی بجے اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگا، طیارہ دن 3 بج کر 20 منٹ پر لاہور پہنچے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حالیہ عدالتی فیصلوں کے بعد نواز شریف کا اسلام آباد آنے کا پلان تبدیل بھی ہو سکتا ہے، پلان میں تبدیلی اور براہ راست لاہور ائیرپورٹ آمد کی صورت میں کل دوپہر تک سی اے اے کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پلان میں تبدیلی کی صورتحال میں نیا این او سی جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جدہ سے دبئی پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ پانچ افراد دبئی آئے ہیں، نواز شریف کو دبئی ائیرپورٹ پر حکام کی طرف سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف دبئی میں اپنی صاحبزادی اسما نواز اور داماد علی ڈار کے ساتھ ایمریٹس ہلز میں قیام کر رہے ہیں۔ حسین نواز اور حسنین ڈار بھی سابق وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

نواز شریف نے آج صبح کو جدہ سے دبئی کی پرواز چھوڑ دی تھی، ایک اہم میٹنگ کی وجہ سے کچھ وقت مزید سعودی عرب میں رک گئے تھے۔

نواز شریف دو روز بعد 21 اکتوبر کی دوپہر کو دبئی سے اسلام آباد آئیں گے، اسلام آباد میں قانونی امور پر مشاورت کے بعد نوازشریف لاہور روانہ ہوں گے اور وہاں مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

لاہور میں نواز شریف کی جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر 12 ہزارپولیس اہلکار اور 3 ہزار ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی دیں گے، قافلوں کیلئے بند روڈ اور رنگ روڈ کے قریب پارکنگ ہوگی۔

مزید خبریں :