کھیل
Time 20 اکتوبر ، 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلوی چیلنج کیلئے تیار ہے: گرانٹ بریڈ برن

گزشتہ ہفتے دیکھنے کو ملا کہ کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہراسکتی ہے، آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں: ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم— فوٹو: فائل
گزشتہ ہفتے دیکھنے کو ملا کہ کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہراسکتی ہے، آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں: ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے اور باؤنڈریز چھوٹی ہیں جبکہ کنڈیشنز کھیل کیلئے بہت اچھی ہیں۔ہم نے اپنا ہوم ورک کرلیا ہے۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں دس بیسٹ ٹیمیں موجود ہیں اور جیسا کہ گزشتہ ہفتے بھی دیکھنے کو ملا کہ کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہراسکتی ہے۔ ہمیں آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں۔

بریڈبرن نے کہا کہ اب تک ہم تینوں شعبوں میں صحیح معنوں میں پرفارمنس نہیں دے سکے ہیں لیکن ہمیں پتہ ہے کہ جب ہم یہ کریں گے تو اور بہتر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 63، 64 میٹرز کی باؤنڈری کی وجہ سے یہ گراؤنڈ ہائی اسکورنگ رہا ہے جس پر بیٹرز نے ہمیشہ انجوائے کیا ہے لیکن بولرز کیلئے چیلنج ہوگا اور میرے خیال میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوگی۔

گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ چونکہ ہمارا بولنگ اٹیک اس وقت اتنا اکیوریٹ نہیں رہا ہے جیسا کہ کچھ وقت پہلے تک تھا لہٰذہ ہمیں بہت ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑے گی۔

بریڈ برن نے مزید کہا کہ اگرچہ بھارت کے خلاف نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا تاہم ہمیں اس میچ سے کچھ اہم باتیں سیکھنے کو ملیں جو اس ٹورنامنٹ میں ہمیں کام آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ بہت بڑے پرجوش کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں تو یہ سیکھنے کا اچھا موقع ہوتا ہے، یہ عام سی بات نہیں ہوتی کہ آپ ایسے کراؤڈ کے سامنے کھیلیں جو مکمل طور پر آپ کی حریف ٹیم کو سپورٹ کرتا ہو۔

گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ اس میچ سے پہلے کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان اچھی گفتگو رہی ہے اور پچھلے میچ کے تجربات اور اس میچ کے حوالے سے ایک دوسرے کے خیالات سننے کا موقع ملا ہے، خاص کر چناسوامی اسٹیڈیم کے بارے میں مفید باتیں ہوئیں اور  بولنگ اور ریورس سوئنگ کے بارے میں خیالات کا تبادلہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا آغاز خاصا مایوس کن رہا ہے اور اسے بھارت اور جنوبی افریقا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد اس نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 میں سے 6 میچوں میں شکست دی ہے تاہم آخری بار جب یہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز میں مدمقابل ہوئی تھیں تو پاکستان نے آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دی تھی۔

بریڈ برن کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس ورلڈ کپ میں تیسرا میچ جیت کر 1-3 کے ساتھ چنئی جائیں جہاں ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 میں اپنا چوتھا میچ جمعے کے روز آسٹریلیا کے خلاف بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

یہ اس گراؤنڈ میں اس ورلڈ کپ کا پہلا میچ ہوگا، دو بڑی ٹیموں کے درمیان اس مقابلے میں اسٹینڈز میں موجود اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا اس ورلڈ کپ میں یہ چوتھا میچ ہے۔ اس نے حیدرآباد میں ہالینڈ اور سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ احمد آباد میں اسے انڈیا کے خلاف شکست ہوئی تھی۔

پاکستان ٹیم دس ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت چوتھے نمبر پر ہے، بنگلورو میں آنے کے بعد ٹیم نے پچھلے دو دنوں کے دوران فلڈ لائٹس میں سخت پریکٹس کی ہے تاکہ کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرسکے۔

مزید خبریں :