پاکستان
12 جنوری ، 2013

اگر کسی نے ٹریس کر لیا ہے تو گرفتار بھی کر لے،توقیر صادق

اگر کسی نے ٹریس کر لیا ہے تو گرفتار بھی کر لے،توقیر صادق

کرا چی…82 ارب روپے کرپشن کے الزام میں مطلوب سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق سکائپ کے ذریعے منظر عام پر آگئے،انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ابوظہبی میں ہیں گرفتار نہیں ہوئے اور اگر کسی نے انہیں ٹریس کرلیا ہے تو گرفتار بھی کر لے ۔اسکائپ کے ذریعے جیو نیوز کے نمائندے سرفراز راجا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق نے انکشاف کیا کہ وہ 2012 میں پاکستان چھوڑ گئے تھے، اُن کے پاس ایک ہی پاسپورٹ ہے جس پر ویزا بھی لگا ہواہے اور وہ اُسی پاسپورٹ اور ویزے پر ابوظہبی آئے ہیں،اُن کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایئرپورٹ سے پاکستان سے باہر نہیں گئے ،توقیر صادق نے اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کو بھی مسترد کیا،انہوں نے موٹروے کے ذریعے بھاگنے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریس کئے جانے کی خبروں کو بھی ڈرامہ قرار دیا، اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ 1971 سے 1978 تک اپنے والد کی پوسٹنگ کے دوران گورنر ہاوٴس پنجاب میں رہے ،اِس کے بعد وہ گورنر ہاوٴس کبھی نہیں گئے ۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری کو کالعدم قرار دیا تھا ۔ اُن پر الزام ہے کہ ان کے بطور چیئرمین اوگرا دور میں قومی خزانے کو 60ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ۔سپریم کورٹ نے تفتیش کے لیے مقدمہ نیب کو بھجوایا، نیب کے مطابق ان کے دور میں 82ارب کو نقصان ہوا اور خلاف ضابطہ سی این جی کے لائسنسز دیئے گئے ۔سپریم کورٹ نے توقیر صادق کی فوری گرفتاری کے احکامات دے رکھے ہیں۔ایف آئی اے نے گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ توقیر صادق کی انٹرپول کی مددسے نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان کے وارنٹ گرفتاری متحدہ عرب امارات حکومت کو بھجوا دیئے گئے ہیں ۔

مزید خبریں :