13 جنوری ، 2013
کراچی…ہزارہ قبیلے کے سربراہ سردار سعادت کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے ہزارہ قبیلے کے خلاف سازش ہے، چیف جسٹس سانحے کاازخودنوٹس لیں، دہشت گردی اورظلم کے خاتمے کے لئے کوئٹہ شہر کو فوری طور پر فوج کے حوالے کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ہزارہ قبیلے کے سربراہ سردار سعادت علی نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے، اب ظلم وستم کی حدہوچکی ہے، اتنے افرادکی شہادت کے بعد بھی کوئی حکومتی نمائندہ تعزیت کے لئے نہیں آیا۔ دہشت گردی و ظلم کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ کوئٹہ کو فوج کے حوالے کیا جائے۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیان کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں،امیدہے کہ آئندہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان ایسے بیانات نہیں دیں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما رضاہارون نے کہا کہ وہ سردارسعادت علی کے ساتھ بلوچستان میں گھرگھرجاکر لواحقین سے تعزیت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ کو2دن گزرگئے لیکن مجرمانہ خاموشی برقرارہے۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ کوئٹہ،سوات میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وقت کاتقاضاہے کہ لانگ مارچ کے بجائے ان واقعات پرفوکس کیاجائے۔اس سلسلے میں ڈاکٹرطاہرالقادری سے درخواست کی تھی کہ لانگ مارچ ملتوی کردیاجائے۔ ایم کیو ایم سانحہ کوئٹہ پر اتوار کو پرامن یوم سوگ منائے گی،سیاسی جماعتوں سے تو امید نہیں، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہزارہ بھائیوں سے اظہاریکجہتی کریں۔