23 اکتوبر ، 2023
مسلم لیگ (ن) کے مینارپاکستان گراؤنڈ میں جلسے کے دوران یوٹیوبر جعلی ویڈیوبناتے ہوئے پکڑا گیا تھا جسے وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یوٹیوبر نے خوانچہ فروش بچے کوپیسے دےکر ڈرامہ رچانےکی کوشش کی تھی اوربچے سے کہا تھا کہ وہ روتے ہوئےکہے پولیس والوں نے مفت میں سویاں کھائیں اورپیسے نہیں دیے۔
پولیس کا کہنا تھاکہ لوگوں نے یوٹیوبر کا ڈرامہ دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی، یوٹیوبر نے ڈی ایس پی شاہدرہ مقصود گجر کے سامنے ڈرامے کا اعتراف کیا تھا۔
پولیس نے بتایاکہ ڈی ایس پی نے یوٹیوبر کو سمجھایا اور وارننگ دے کر جانے دیا۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی شاہدرہ مقصود گجر کا کہنا تھاکہ یوٹیوبر نوجوان پڑھا لکھا تھا، قانونی کارروائی سے اس کا مستقبل تباہ ہوجاتا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی، وارننگ دےکرچھوڑ دیا تھا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد 21 اکتوبر ہفتے کے روز وطن واپس پہنچے تھے اور ان کی آمد پر لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ن لیگ کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔