27 اکتوبر ، 2023
سائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے 9 مئی واقعات سے متعلق راولپنڈی میں مقدمات میں پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سےتفتیش کی اجازت دے دی۔
راولپنڈی پولیس کے افسرسائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔
پولیس افسر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں شامل تفتیش کرنا ہے۔
اس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو شاملِ تفتیش کیاگیا؟
پولیس افسر کا کہنا تھاکہ دونوں کو شاملِ تفتیش نہیں کیا، شریک ملزمان کے بیانات پرشامل تفتیش کرناہے، ہمارے پاس9 مئی واقعات سے متعلق ایف آئی اےکی رپورٹ بھی موجود ہے۔
جج نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کےخلاف درج مقدمات کاجائزہ لیا۔
عدالت نے دونوں کو شامل تفتیش کرنے کی اجازت دے دی اور کہا کہ قانون کے مطابق صرف تفتیش کرنے کےلیے اجازت دے رہا ہوں۔
خیال رہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی سائفر کیس میں ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔