30 اکتوبر ، 2023
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ انخلا کے منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جا رہا۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یو این ایچ سی آر کا میڈیا کو دیا گیا بیان دیکھا، انخلاکے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکیوں پرہوتا ہے، منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھاجا رہا، یہ فیصلہ پاکستان کے خود مختار قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کو مدنظر رکھ کرکیاگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے، حکومت پاکستان خراب صورتحال سے متاثر افرادکی سکیورٹی اور تحفظ کاعزم کیے ہوئے ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 40 سال سے لاکھوں افغان بہن بھائیوں کی میزبانی جیتاجاگتا ثبوت ہے، عالمی برادری ترجیحی بنیادوں پر مہاجرین کی صورتحال کوتحفظ دینےکے لیے مشترکہ کوششیں کرے، پاکستان اس سے متعلق عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہےگا۔