14 جنوری ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد کے شہری صبح ہی سے غیر یقینی صورت حال سے دو چار ہیں۔ اہم شاہراہیں اور چوک بند ہونے کی وجہ سے آمد و رفت متاثر ہے اور معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد کی صبح سے ہی لوگ دفتر اور کام پر جانے یا نہ جانے کے لیے پریشان ہیں۔ اسلام آباد کے داخلی راستوں میں رکاوٹوں کی وجہ سے دفاتر اور دکانوں پر آنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکوں پر جا بجا۔ اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور آزاد جموں کشمیر پولیس کے اہل کار تعینات ہیں۔ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور لوگ سواری کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ لوگ کہیں بھی نکلنے سے پہلے ایک دوسرے سے رابطے کرتے ہیں اور منزل تک پہنچنے کے لیے مشاورت کر تے ہیں تاہم منزل تک کیسے پہنچاجائے یہ مشکل دورنہیں ہو رہی۔ کہیں رکاوٹیں ہیں تو کہیں متبادل راستے اتنے دور کہ سفر کرنا مشکل لگتا ہے۔ فیض آباد فلائی اوور بند ہونے کی وجہ سے روزمرہ استعمال کی اشیا کی ترسیل والی گاڑیاں نہیں چل پائیں۔ لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔