15 جنوری ، 2013
اسلام آباد…ڈاکٹرطاہرالقادری کالانگ مارچ فیض آبادسے اسلام آبادمیں داخل ہوگیا ہے، تحریک منہاج القران کے سربراہ کیلئے بلٹ پروف کیبن جناح ایونیو کی جلسہ گاہ پہنچادیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت مارچ اسلام آبادمیں داخل ہوگیا ہے۔ ڈاکٹرطاہر القادری کا لاہور سے شروع ہونے والا لانگ مارچ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل اور کئی کلو میٹر لمبا ہے۔ اس سے قبل ہی اسلام آباد میں لانگ مارچ کے جلسے کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوچکے ہیں جن میں خواتین، بچے، بوڑھے ، جوان اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسمبلیوں کے تحلیل ہونے، کرپٹ حکمرانوں کے بے دخل کرنے اور آئین کے مکمل نفاذ تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے حامی قانون کی حکمرانی اور صحیح و درست سمت میں جمہوریت کا نفاذ چاہتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے لانگ مارچ میں شامل خواتین اوربچوں کی ہرممکن مددکرنیکی ہدا یت کی ہے، وزیراعظم نے کمشنر کو لانگ مارچ کے منتظمین سے رابطہ کرنیکی ہدا یت کی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے یہ ہدایات سخت سردی کے پیش نظر جاری کی ہیں۔