Time 11 نومبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی، پوسٹ مارٹم کیلئے آئندہ ہفتے مشاورت کا آغاز ہوگا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی کرکٹ  ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے پوسٹ مارٹم کے لیے پی سی بی ہیڈ کوارٹر  میں آئندہ ہفتے سے اہم مشاورت کا  آغاز  ہوگا۔

ذرائع کے مطابق منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے، ورلڈکپ کے دوران بھی چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں تاہم ملاقاتوں اور مشاورت میں اب تیزی آنےکا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائےگا، سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار  پھر بورڈ رابطہ کرنےکا خواہشمند ہے، عمرگل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید اور  محسن خان سے مشاورتی عمل ہوگا۔

سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت ہوگی اور شاہد آفریدی سے چیئرمین ذکاء اشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے،کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت بھی ہوگی، ریڈبال اور  وائٹ بال کے لیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ کوچنگ کے لیے جسٹن لینگر کا نام بھی لیا جانے لگا ہے تاہم کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار  آسٹریلیا کا دورہ سر  پر ہونےکی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنےکا مشورہ دینے لگے ہیں۔


مزید خبریں :