پاکستان
15 جنوری ، 2013

وزیراعظم کے سیاسی رہنماوٴں سے رابطے،جمہوری نظام کے دفاع پر اتفاق

وزیراعظم کے سیاسی رہنماوٴں سے رابطے،جمہوری نظام کے دفاع پر اتفاق

اسلام آباد…وزیراعظم راجا پرویزاشرف اور قومی سیاسی رہ نماوٴں نے اتفاق کیاہے کہ موجودہ جمہوری نظام کا ہرقیمت پردفاع کیاجائیگا، وزیر اعظم کہتے ہیں کہ حکومتی تحمل اور برداشت کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی کوذاتی ایجنڈا نافذ نہیں کرنے دیاجائیگا۔وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے موجودہ صورت حال پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی ،پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلے فونک رابطہ کیاہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کا کہناہے کہ وزیراعظم اور قومی سیاسی رہ نماوٴں کے درمیان اتفاق کیاگیاہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کو استحکام کے لیے ہرممکن مشترکا کوششیں کی جائیں گی۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم اور قومی سیاسی رہ نماوٴں میں اتفاق کیاگیاہے کہ جمہوریت بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے اورموجودہ جمہوری نظام کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا،وزیراعظم اور قومی سیاسی رہ نماوٴں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کرنے والوں یا غیر آئینی ذرائع کے ساتھ بھرپور طریقے ساتھ نمٹا جائیگا اور آئین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہاکہ کسی کو ذاتی ایجنڈا نافذ نہیں کرنے دیں گے،تمام جمہوری و سیاسی قوتوں کی توجہ آئندہ عام انتخابات کے شفاف اور آزادانہ انعقاد پر ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :