Time 16 نومبر ، 2023
جرائم

’قتل گیم کا ٹاسک سمجھ کر کیا‘ 6 روز قبل آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کا ملزم گرفتار

6 روز قبل کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ کے قریب واقع سر سید روڈ پر نامعلوم گاڑی اور گاڑی سے کچھ ہی فاصلے پر جھاڑیوں سے ایک نوجوان کی لاش دریافت ہوئی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا— فوٹو: فائل
6 روز قبل کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ کے قریب واقع سر سید روڈ پر نامعلوم گاڑی اور گاڑی سے کچھ ہی فاصلے پر جھاڑیوں سے ایک نوجوان کی لاش دریافت ہوئی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا— فوٹو: فائل

کراچی میں سچل تھانے کی حدود میں 6 روز قبل آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار ہو گیا، ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ قتل کی واردات گیم کا ٹاسک سمجھ کر کی تھی۔

9 نومبر کو کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ کے قریب واقع سر سید روڈ پر نامعلوم گاڑی اور  کچھ ہی فاصلے پر جھاڑیوں سے ایک نوجوان کی لاش دریافت ہوئی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا۔

بعد ازاں پولیس نے مقتول کی شناخت شاہزیب کے نام سے کر لی تھی جو حیدرآباد سے سواری لے کر کراچی آیا تھا اور یہاں بھی اُسے ایک سواری مل گئی تھی تاہم اس کے بعد کیا ہوا کچھ پتا نہ چل سکا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا اور 6 روز بعدآن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے قتل میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے گیم کا ٹاسک سمجھ کر ٹیکسی ڈرائیور شاہزیب کو مارڈالا تھا، واقعے کے بعد ملزم صمد اپنے گھر واپس چلا گیا اور دوبارہ اپنے معمول کے مطابق گیم کھیلنا شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم صمد کی جانب سے قتل کی یہ پہلی واردات تھی تاہم گیم کا ٹاسک پہلا نہیں تھا، اس سے قبل بھی ملزم نے گلستان جوہر سے گاڑی کرائے پر حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن رینٹ اے کار کے مالک نے اس کا پتا مانگا جس کی وجہ سے وہ اپنا ٹاسک پورا نہیں کرسکا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم صمد نے اپنے بیان میں بتایا کہ گیم میں وہ اتنا کھو گیا تھا کہ اس نے اصل اور نقل زندگی میں فرق کرنا بند کردیا تھا تاہم گرفتاری کے بعد اصلیت سامنے آئی تو اب پچھتاوا ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :