15 جنوری ، 2013
کراچی…وزیراعظم کی گرفتاری کے حکم کی خبر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور کہیں ہوائی فائرنگ،بازاربند اورجلاوٴ گھیراوٴ کیاگیا تو کہیں مٹھائیاں تقسیم ہوئیں اوربھنگڑے ڈالے گئے۔وزیراعظم پاکستان کی گرفتاری کا حکم نامہ کیا جاری ہوا مشتعل افراد ٹولیوں کی شکل میں حیدرآباد شہر کی مختلف سڑکوں پر نکل آئے،ہوائی فائرنگ کی اور ٹائر جلاکر بازاراوردکانیں بند کرادیں۔ کھوکھر محلے میں دکانیں بند کرانیکی کوشش کے دوران تاجروں نے مسلح افراد کو پکڑ نے کی کوشش کی تاہم صرف موٹرسائیکلیں ہی ہاتھ آئیں جنہیں اگ لگادی گئی۔ سندھ پیپلزیوتھ اور سپاف کے کارکنوں نے گل سینٹر اور حیدراباد پریس کلب پر مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔لاڑکانہ میں کینڈی مارکیٹ سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ اس دوران مشتعل افراد نے پولیس کی موجودگی میں ریشم گلی میں شدید ہوائی فائرنگ کی، مظاہرین نے جاڑل شاہ کے علاقے میں توڑ پھوڑ بھی کی۔سکھر میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈنڈا بردارافراد سڑکوں پر نکلے اور مختلف علاقوں میں بازاروں کو بند کرادیا تاہم تاجروں نے بعد میں دکانیں کھول لیں۔ جیکب آباد میں بھی ہوائی فائرنگ کی گئی۔ مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند کرادیئے۔نواب شاہ میں مشتعل افراد نے شہر کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ کی اور شہر کی تمام مارکیٹیں بند کرادیں۔ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے وزیراعظم کی حمایت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیاگیا۔ ملتان میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے گرفتاری کے حکم کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ نواں شہر چوک پر پیٹریاٹ فورم اور مسلم لیگ نواز کے مقامی رہنماوٴں نے بھی بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔رحیم یار خان میں بھی وزیراعظم کی گرفتاری کے حکم پر تحریک انصاف کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔