16 نومبر ، 2023
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ایس آئی ایف سی کے تحت اقدامات پر تعاون اور محنت سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد میں ہونے والے ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں آرمی چیف، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی ۔
کمیٹی نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائےگئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا۔
کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے پالیسی اقدمات کا بھی جائزہ لیا۔
خسارے کے شکار سرکاری اداروں ایس او ایز کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی نے نجکاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
کمیٹی نے ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے اس مسئلے کے حل کے لیے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں آرمی چیف نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا یقین دلایا۔