24 فروری ، 2012
اسلام آباد … رواں مالی سال کے پہلے 7 مہینوں میں پاکستان کا خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل پونے 9ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ، گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں پیٹرولیم گروپ کے درآمدی بل میں 36 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران جولائی سے جنوری تک پاکستان نے 8ارب 75کروڑ ڈالر سے زائد کا خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات درآمد کیں۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں اس مد میں تقریباً 6 ارب 43کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئی تھیں۔ رواں مالی سال جولائی سے جنوری تک 5 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی پیٹرولیم مصنوعات جبکہ 2 ارب 90کروڑ ڈالر سے زائد کا خام تیل خریدا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق اس سال صرف جنوری کے مہینے میں پیٹرولیم گروپ کا درآمدی بل 16.80 فیصد بڑھ گیا جو ایک ارب 15کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ گزشتہ سال جنوری کے مہینے میں پیٹرولیم گروپ کی درآمد کا بل 98کروڑ 78لاکھ ڈالر تھا۔