16 جنوری ، 2013
اسلام آباد…تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بزدل حکمران عوام کے سمندر کے سامنے ٹھہرنہیں سکتے،بدعنوانی کے محلات کی دیواریں گرنے کے قریب ہیں، ملک لانگ مارچ کے سپرد کر دو،سارے جرائم ختم کردوں گا۔ اسلام آباد کے ڈی چوک پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ فیصلے کا وقت قریب ہے، لوگ استقامت کے ساتھ رہیں، ہم آمریت کے بت کوپاش پاش کردیں گے، لانگ مارچ اسلام آباد آیا تو ڈاکو بھاگ گئے۔انہوں نے کہا کہ اصغرخان کیس میں واضح ہوچکا کہ یہ پیسے لے کرسیاست کرتے آئے ہیں ہم پیسے لے کرسیاست کرنے والوں کی جھوٹی جمہوریت کو نہیں مانتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت لانگ مارچ کے شرکا کو اسلام آباد آنے سے روک رہی ہے، عوام سے پرامن احتجاج کا حق نہ چھینا جائے، لانگ مارچ کے شرکاء سرکاری ملازم نہیں، عوام اپنی جیب سے خرچ کرکے یہاں آئے ہیں۔