16 جنوری ، 2013
لاہور … وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بہاوٴ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے بی اے، بی ایس سی کے ضمنی امتحانات کی جوابی کاپیاں یونیورسٹی ہاسٹل میں حل کرانے کی ویڈیو جیو نیوز پر نشر ہونے کے بعد اس کا نوٹس لیتے ہوئے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ضمنی امتحانات میں کاپیاں حل کرانے کی ویڈیو سے متعلق خبر کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی، انکوائری کمیٹی میں سیکریٹری ہایئر ایجوکیشن، ڈی جی اینٹی کرپشن، پنجاب اانفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عمر سیف اور ایس ایس پی طارق نواز ملک شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انکوائری کمیٹی کو آج ہی ملتان پہنچ کر 3 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ جیو نیوز پر نشر ہونے والی رپورٹ میں دکھایا گیا تھا کہ زکریا یونیورسٹی کے عمر ہال میں چند مخصوص امیدواروں کی جوابی کاپیاں کتابوں کی مدد سے حل کی جا رہی ہیں اور ان جوابی کاپیوں کو حل کرنے کیلئے 30 سے 40 ہزار روپے فی امیدوار وصول کئے جاتے ہیں ۔