Time 23 نومبر ، 2023
پاکستان

لاہور:کار کی ٹکر سے ہلاک 6 افراد کے خاندان کے سربراہ کو کیس میں پیچھے ہٹنے کیلئے دھمکیاں

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

لاہور میں کمسن ڈرائیور  کی کار کی ٹکر سے ہلاک 6 افراد کے خاندان کے سربراہ کو کیس میں پیچھے ہٹنے کیلئے دھمکیاں موصول ہونے لگیں۔

ڈیفنس لاہور میں کار کی ٹکر سے ہلاک 6 افراد کے خاندان کے سربراہ رفاقت علی کا کہنا ہے کہ انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں،کیس میں پیچھے ہٹنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

رفاقت علی نے بتایا کہ دھمکیوں میں کہا جاتا ہے آپ کے پیچھے ایک بیٹا اور تین بیٹیاں ہیں،ابھی تو کیس لڑ رہے ہیں ، بعد میں پچھتائیں گے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے کمسن ڈرائیور ملزم افنان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 دن کی توسیع کردی  اور  آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب  کرلی ہے۔

کیس کا پسِ منظر

12 نومبر کی رات لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

 کیس کی تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے تھے۔

ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائی بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی اسپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے لیکن ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ وائی بلاک نالے پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا اور کہتا رہا میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفنس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔

ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، مکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی اسپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی، حادثے کے بعد حسنین کی گاڑی 70 فٹ روڈ سے دور جا گری اور سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد 4 افراد ملزم کو چھڑانے پہنچے لیکن لوگوں کا غصہ دیکھ کر بھاگ گئے۔

بعد ازاں پولیس نے کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کو گرفتار کیا اور واقعے کے مقدمے میں دفعہ 302 بھی شامل کی گئی۔

کچھ دنوں بعد6 افراد کی ہلاکت کے کیس میں پولیس نے ملزم افنان کے دوست ابراہیم کو بھی حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

مزید خبریں :