26 نومبر ، 2023
کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز شہر میں سردی کی پہلی بارش سے ٹھنڈ کا احساس بڑھ گیا ہے، مختلف علاقوں میں رات کو بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 18.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 66فیصد ہے، شمال مشرق سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کا کہنا ہے کہ کراچی میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کے کچھ امکانات ہیں، اس کے علاوہ آج سے کراچی شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔
اویس حیدر کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 15ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، کراچی میں دسمبر میں بھی بارشوں کےایک یادو اسپیل متوقع ہیں، اس سال سردیوں کی شدت گزشتہ سال کےمقابلےکم رہنےکاامکان ہے۔
ائیرپورٹ پر نومبر میں 24 گھنٹے میں ہونے والی بارش کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا:
محکمہ موسمیات کے مطابق ائیرپورٹ پر 24 گھنٹوں کے دوران 5.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اسی کے ساتھ ائیرپورٹ پر نومبر میں 24 گھنٹے میں ہونے والی بارش کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
اس سے قبل نومبر 2014 میں 4.6 ملی میٹر بارش کا ریکارڈ ہوئی تھی۔
علاوہ ازیں ٹھٹھہ، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار اور دادو میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب شمالی بلوچستان میں شدید سرد ہوائیں چلنے سے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت گر گیا ہے۔