28 نومبر ، 2023
پاکستان نے افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے رہنما حافظ گل بہادر کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالےکرے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے نمائندے کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور بنوں میں 26 نومبر کو سکیورٹی فورسز پر افغان شہری کے حملے پر سخت احتجاج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ حافظ گل بہادر گروپ نے حملےکی ذمہ داری قبول کی ہے، افغان نمائندے سے واقعےکی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور واقعے میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے افغانستان سے مطالبہ کیا ہےکہ دہشت گردی کے مراکز اور دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، حافظ گل بہادر کو گرفتار کرکے پاکستان کےحوالے کیا جائے۔
پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے سے روکنےکا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 26 نومبر کو بکاخیل بنوں میں موٹرسائیکل سوار نے خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا جس کے نتیجے میں 2 معصوم شہری شہید جب کہ 3 فوجی اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق موٹر سائیکل سوار نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا، خودکش حملہ آور کی افغان شہری کے طور پر شناخت ہوئی، حملہ آور کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔