Time 29 نومبر ، 2023
پاکستان

عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبردار، بیرسٹر گوہر چیئرمین پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر کے نام کی منظوری دیدی ہے: سینیٹر علی ظفر
چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر کے نام کی منظوری دیدی ہے: سینیٹر علی ظفر

سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔

سینیٹر علی ظفر کا بیرسٹر گوہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن کا حکم دیا، پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم الیکشن کمیشن گئی، الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی الیکشن پر اطمینان کا اظہارکیا تھا۔ 

سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے زبانی فیصلہ تحریری فیصلے میں تبدیل کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے 20 دن کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا، ہم ہفتے کے دن انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔

علی ظفر کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی ہی اصل پی ٹی آئی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑ رہے تاہم عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی منظوری دیدی ہے، جو نام چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا وہ نام بیرسٹر گوہر کا ہے۔

دوسری جانب بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے پارٹی چیئرمین کے لیے میرے نام کی منظوری دی، ہمارا وہی نظریہ ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی کا ہے، خان صاحب ہمارے لیڈر ہیں چاہے وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، جب تک خان صاحب باعزت واپس نہیں آجاتے میں ذمہ داری نبھاؤں گا، پی ٹی آئی وہی ہے ہماری جدوجہد بھی وہی ہے جو خان صاحب کی تھی۔

قبل ازیں لطیف کھوسہ کا اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کوئی مائنس ون نہیں ہو گا، میں ہی چیئرمین پی ٹی آئی کا امیدوار ہوں، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :