29 نومبر ، 2023
راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے عمران خان نے مائنس ون خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، جو چیئرمین ہیں وہی رہیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی نے مائنس ون کی خبروں کی تردید کی ہے، انٹرا پارٹی الیکشن میں پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین امیدوار ہوں گے، پی ٹی آئی کے چیئرمین جو ہیں وہی رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ بات ہوئی جس میں انہوں نے دو ٹوک بات کی، شیر افضل مروت یا علی ظفر نے جو کہا ان کو شاید غلط فہمی ہوئی ہے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا خاور مانیکا کے بیان پر چئیرمین پی ٹی آئی کو تکلیف ہوئی کہ کوئی اتنا بھی گر سکتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئی اتنا جھوٹ بھی بول سکتا ہے، سیاست میں سب ہوتا ہے،کیسز بنا دیے جاتے ہیں لیکن کوئی اتنا گرسکتا ہے۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا سابق وزیراعظم کی شادی کو 6 سال ہو گئے، خاور مانیکا کو2 ماہ پابند سلاسل رکھا گیا، جج کے سامنے بیان پر خاورمانیکا لکھا ہوا کاغذ پڑھ رہے تھے، انہیں لکھا ہوا کاغذ دیا گیا، خاورمانیکا کو 6 سال بعد یاد آگیا کہ یہ عدت میں شادی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ عمران خان پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبردار ہو گئے ہیں تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پیج پر شیر افضل مروت کی خبر کی تردید کی گئی تھی۔
بعد ازاں جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے بھی شیر افضل مروت کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے چار نام منتخب کیے ہیں جس میں سے ایک کا اعلان بدھ کو کر دیا جائے گا۔
جبکہ آج ایک بار پھر شیر افضل مرورت کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی گئی جس میں کہا گیا کہ انہوں نے جو بات کی وہ اپنی طرف سے نہیں کی اور نا ہی انہوں نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹایا، عمران خان نے میرے، سینیٹر علی ظفر اور عمیر نیازی کے سامنے جو بات کی وہ میں نے میڈیا کے سامنے رکھی۔