Time 08 دسمبر ، 2023
پاکستان

غیرقانونی غیرملکیوں کی واپسی جاری، مزید 2 ہزار 268 افراد اپنے وطن واپس روانہ

اب تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار 452 تک پہنچ چکی ہے— فوٹو: فائل
اب تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار 452 تک پہنچ چکی ہے— فوٹو: فائل

ملک بھر سے غیر قانونی غیر ملکی باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز مزید 2 ہزار 268 افغان شہری اپنے وطن واپس لوٹ گئے۔

گزشتہ روز واپس جانے والے افراد میں 632 مرد، 578 خواتین اور 1058 بچے شامل تھے، جبکہ اب تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی غیر ملکی باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار 452 تک پہنچ چکی ہے۔

حکومت کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے، حکومتی ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، ایسے غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع ترمفاد میں کیا ہے۔

مزید خبریں :