18 جنوری ، 2013
لاہور … وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ طاہر القادری کا لانگ مارچ اور دھرنا اتحادی مارچ بن کر منطقی انجام کو پہنچ گیا ، قوم جانتی ہے لانگ مارچ اور دھرنے کے کیا مقاصد تھے اور کیا حاصل کئے گئے۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ طاہر القادری ریاست بچاوٴ کے بجائے عزت بچاوٴ کامعاہدہ کرگئے ، ان کا کوئی مطالبہ پورا نہیں ہوا، معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو سخت سردی اور بارش میں ناحق تکلیف میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنے پر کروڑوں روپے برباد کرنے والے مک مکا کر کے چل دیئے، طاہر القادری نے پہلے جنہیں برا بھلا کہا ، بعد میں انہی کو گلے لگا لیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اصل طاقت عوام ہیں جو ووٹ کے ذریعے تبدیلی لاتے ہیں ۔