25 فروری ، 2012
اسلام آباد… قومی اسمبلی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے تاہم بعض مقامات پر سردی کی وجہ سے لوگوں کی کم تعداد ووٹ دینے کیلئے آرہی ہے۔ پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا۔ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 148 اور این اے 149ملتان،این اے 140قصور،این اے 195رحیم یار خان ،این اے 168 وہاڑی ،این اے 9 مردان اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 18 اٹک،پی پی 44 میانوالی،پی ایس 53 ٹنڈو محمد خان اور پی ایس 57 بدین پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور رینجرز بھی طلب کی گئی ہیں۔قصور کے حلقہ 140میں پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہیں۔ملتان کے حلقہ این اے 149 میں بھی رینجرز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔وہاڑی کے حلقہ 168 پر پیپلز پارٹی کی نتاشہ دولتانہ اور ن لیگ کے حمایت یافتہ بلال اکبر بھٹی میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔دیگر حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی ،ن لیگ، سمیت بڑی سیاسی پارٹیاں حصہ لے رہی ہیں۔ بدین میں پولیس کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کے باعث پولنگ اسٹیشنز کو سامان کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔