22 دسمبر ، 2023
گلگت بلتستان (جی بی) کے سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کو وزارت اعلیٰ اور اسمبلی رکنیت سے نااہلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی صدارت کے عہدے کیلئے بھی تاحیات نااہل قرار دے دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر جی بی راجا شہباز نے سابق وزیراعلیٰ جی بی خالد خورشید کی پارٹی صدارت کیلئے نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کے بعد انہیں پارٹی صدارت کیلئے تاحیات نااہل قرار دیا۔
پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے رہنما رحمان دریلو نے خالد خورشید کے پارٹی عہدے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔
اپنی درخواست میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ خالد خورشید جعلی ڈگری کیس میں وزارت اعلیٰ کے عہدے اور اسمبلی رکنیت سے نااہل ہوچکے ہیں، لہذا انہیں پارٹی کی صوبائی صدارت سے بھی نااہل کیا جائے۔
یاد رہے کہ خالد خورشید جعلی ڈگری کیس میں عدالت سے رواں سال جولائی میں وزارت اعلیٰ اور اسمبلی رکنیت سے نااہل ہو گئے تھے۔