19 جنوری ، 2013
لندن … پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو فون کرکے رکن سندھ اسمبلی منظرامام کے قتل پر تعزیت کی۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ منظرامام اورا ن کے ساتھیوں کا قتل دہشت گردی اور ظالمانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے تمام رہنماوٴں، کارکنوں اور رضاکاروں کی جانب سے الطاف حسین، ایم کیو ایم کے تمام رہنماوٴں، کارکنوں اور شہیدوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔ الطاف حسین نے دکھ کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی اور اظہار یکجہتی پر ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ ادا کیا۔ الطاف حسین نے لانگ مارچ کی کامیابی اور افہام وتفہیم سے دھرنے کے اختتام پر ڈاکٹر طاہر القادری، ان کے رفقاء اور شرکاء کو مبارک باد پیش کی۔ دونوں رہنماوٴں نے اتفاق کیا کہ ملک سے فرسودہ نظام کے خاتمے کیلئے دونوں جماعتوں میں باہمی تعاون اور رابطہ برقرار رہے گا، اور انشاء اللہ دونوں جماعتیں ملک سے فرسودہ نظام کا خاتمہ کرکے دم لیں گی۔