19 جنوری ، 2013
کراچی … ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ملک میں ایم این اے اور ایم پی اے محفوظ نہیں تو عام شہری کیسے محفوظ رہ سکتا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی سطح پر نیشنل کاوٴنٹر ٹیرر ازم پالیسی انتہا ئی ضروری ہے۔ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما و رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے سوئم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اشتراک سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکتا ہے، ملک میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل کاوٴنٹر ٹیرر ازم پالیسی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک میں جاری سیاسی سرگرمیوں اور انتخابات کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھاکہ وزیر آعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ منظر امام سمیت ایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منظر امام ایم کیو ایم کے سینئر کارکن تھے۔ منظر امام کی فاتحہ خوانی میں پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما حلیم عادل شیخ سمیت ایم اکیو ایم رابطہ کمیٹی، قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان اور کارکنان کی بڑتی تعداد نے شرکت کی۔