الیکشن جیت کر کسانوں اور طلبا کیلئے انقلابی اصلاحات متعارف کروائیں گے: ہمایوں اختر

فوٹو: انٹرنیٹ
فوٹو: انٹرنیٹ

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے  رہنما ہمایوں اختر  نےکہا ہے کہ حلقہ این اے97 کے عوام تیار  ہو جائیں، ان کی حالت بدلےگی اور علاقے میں خوشحالی آئےگی، الیکشن جیت کر کسانوں  اور  طلبا کے لیے انقلابی اصلاحات متعارف کروائیں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما ہمایوں اختر  نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ این اے 97 کا دورہ کیا جہاں جگہ جگہ ان کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

اس موقع  پر انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہمایوں اختر کاکہنا تھا کہ کیا وجہ ہے کہ یہ حلقہ پاکستان کا پسماندہ ترین علاقہ ہے؟ سیاسی مخالف بات کرتے ہیں کہ تاندلیانوالہ کی پگ  باہر  نہیں جانے دیں گے، میں کوئی غیر آدمی ہوں یا ہندوستان سے آیا ہوں؟ میں پاکستان کا شہری ہوں، میرے والد شہید جرنیل ہیں، میں 33 سال سے موجود ہوں۔

ہمایوں اختر نے کہا ہم نے علاقے کی بھلائی کے لیےکام کیا ہے، میرا خاندان جالندھر سے آکر فیصل آباد میں آباد ہوا تھا، پگ کی فکر نہ کریں، راوی کے علاقے میں جو قوم بستی ہے ہمارے بھائی ہیں، سکندر  جتوئی بھی اسی علاقے کے رہائشی ہیں، یہاں سے ایم پی اے کی سیٹ جیتیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حلقے سے کامیاب ہوکر کسانوں، نوجوانوں اور طلبا کے لیے انقلابی اصلاحات متعارف کروائیں گے،کسانوں کے لیے ویئر ہاؤس، ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی اور نوجوانوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ادارے قائم کریں گے، ہرگاؤں میں سڑک اور  سرکاری ڈسپنسری ہوگی۔

مزید خبریں :