20 جنوری ، 2013
پشاور … پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور حملوں کے پے در پے واقعات کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس کے زیر استعمال 274 گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے اور پولیس گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں پولیس اہلکار شدت پسندوں کے نشانے پر ہیں۔ صوبائی درالحکومت پشاور میں گزشتہ 6 ماہ میں خودکش حملوں کے دوران دو ایس پیز سمیت درجنوں اہلکار جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا نے پولیس فورس کے جانی نقصانات میں اضافے کے بعد حکومت کو تحفظات سے سے آگاہ کیا، جس کے بعد صوبے میں پولیس کے زیر استعمال 274 موبائل گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے اور گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس منصوبے پر 2 ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔