20 جنوری ، 2013
کراچی … دنیا بھر میں سردی نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، کہیں برفباری نے نظام زندگی معطل کیا ہے تو کہیں دھند سے حد نظر کم ہو گئی ہے۔ چین کے شمالی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، کئی پروازیں منسوخ اور کئی تاخیر کا شکار ہوئیں، سڑکوں پر برف کی موٹی تہ جمنے سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی برفباری ایک الگ ہی منظر پیش کر رہی ہے، ہر شے برف میں ایسے چھپی کہ اسی کا حصہ لگنے لگی اور سڑکوں پر برف نے چلنے والوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کردیں۔ پولینڈ میں خراب موسم نے سب سے زیادہ مشکل مسافروں کیلئے پیدا کی، کہیں گاڑیاں توازن کھونے لگیں تو کہیں برف میں پھنسیں۔ یوکرائن میں ٹھنڈ تو خوب ہے پر ایسے میں کچھ لوگ قدیم روایات نہ بھولے اور اس سردی میں ٹھنڈے پانی میں ڈبکیاں لگائیں۔ بھارت کی شمالی ریاست میں لوگ موسم کے اس رنگ پر اتنا خوش ہوئے کہ اس سے لطف اندوز ہونے کی ٹھانی، کیا ملکی اور کیا غیر ملکی سیاح ، سب نے اسنو مین بنائے۔