09 جنوری ، 2024
قومی احتساب بیورو (نیب) توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 20 گواہ پیش کرے گا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آج بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی ہے۔
نیب حکام 11 جنوری کو توشہ خانہ ریفرنس میں گواہان کو پیش کریں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ نیب 20 گواہ پیش کرے گا جن میں تحائف کا پرائیویٹ طور پر تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی بطور وعدہ معاف گواہ پیش ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گواہان کی فہرست میں ایک اور وعدہ معاف گواہ بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری، ڈپٹی ایم ایس، ڈپٹی قونصلیٹ جنرل دبئی رحیم اللہ، توشہ خانہ کےسیکشن افسران بھی گواہی دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم آفس کے اسسٹنٹ سیکرٹری پروٹوکول زاہد سرفراز بھی نیب کے گواہ ہوں گے۔