Time 12 جنوری ، 2024
کھیل

ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے عباس آفریدی کس مشہور فاسٹ بولر کے بھتیجے ہیں؟

ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کیلئے کھیلے میرا خواب تھا پاکستان کیلئے کھیلوں اور وہ دن آگیا : عباس آفریدی/فوٹوفائل
ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کیلئے کھیلے میرا خواب تھا پاکستان کیلئے کھیلوں اور وہ دن آگیا : عباس آفریدی/فوٹوفائل 

آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے  عباس آفریدی اور  اسامہ میر نے  ڈیبیو کیا۔

عباس آفریدی پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور موجودہ بولنگ کوچ عمر گل کے بھتجیے ہیں اور چاچا نے بھتیجے کو گرین کیپ پیش کی۔

اس موقع پر عمر گل کا کہنا تھا کہ یہ ان کے اور ان کی فیملی کیلئے فخر کا لمحہ ہے، انہوں نے عباس آفریدی کو تلقین کی کہ وہ اسٹار اور  پاکستان کے نام کو ہمیشہ اوپر رکھیں، ہر کرکٹرز کی خواہش ہوتی ہے وہ اسٹار کیلئے کھیلے، گرین کیپ پر موجود اسٹار کیلئے کھیلنا اعزاز کی بات ہوتی ہے، کوشش کرنا جس طرح ڈومیسٹک میں پرفارم کیا اس ہی کارکردگی کو برقرار رکھنا۔

 گرین کیپ لینے کے بعدعباس آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کیلئے پاکستان کی جانب سے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ  اپنے ملک کیلئے کھیلے، میرا بھی یہی خواب تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلوں اور وہ دن آگیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ بھی یہ چاہتے تھے کہ اپنے چاچو سے گرین کیپ لیں اور ان کے چاچو عمر گل نے جیسی  بولنگ پاکستان کیلئے کی وہ بھی اس طرح بولنگ کریں۔

دوسری جانب اسپنر اسامہ میر کو اسپن کوچ سعید اجمل نے کیپ پیش کی، اس موقع پر اسامہ میر کا کہنا تھا کہ  پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے، پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ان کیلئے ایک خواب تھا، سعید اجمل سے گرین کیپ لی ہے، کوشش ہوگی سعید اجمل کی طرح پاکستان ٹیم کیلئے کارکردگی پیش کروں۔

اسامہ میر گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں، وہ آسٹریلیا کی بگ بیش سمیت دنیا بھر میں ٹی ٹوئنٹی لیگ بھی کھیلتے ہیں۔

اسامہ میر نے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کی تھیں، ملتان سلطانز کے ایک بولر عباس آفریدی 23 وکٹیں لے کر  پی ایس ایل سیزن ایٹ کے ٹاپ بولر بنے تھے۔

مزید خبریں :