کھیل
Time 12 جنوری ، 2024

بابر نے کیویز کیخلاف جس انداز سے بیٹنگ کی وہ خوش آئند ہے، بولنگ کوچ عمرگل

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

قومی کرکٹ ٹیم کےفاسٹ بولنگ کوچ عمرگل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست پر کہا ہے کہ کیچز ڈراپ کرنا منہگا پڑا،اگر کیچز ہو جاتے تو نتیجہ مختلف ہوتا، سیریز کا پہلا میچ تھا،ہم بیٹھ کر اس پر بات کریں گے۔

پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیدی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 227 رنز کا ہدف دیا،جواب میں گرین شرٹس 180 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

میچ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کےفاسٹ بولنگ کوچ عمرگل نے آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس گراؤنڈ کی تاریخ ہے یہاں 200 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کیا جاچکا ہے۔

عمرگل نے کہا کہ صائم ایوب نے آغاز اچھا کیا لیکن بدقسمتی سے وہ رن آوٹ ہوگئے، ان پچز پر کھیل سے آگاہی بہت ضروری ہے، محمد حفیظ نے نشاندہی بھی کی تھی پچ کے گرد ہی دوڑنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں آغاز تو اچھا ملا لیکن ہمیں ایک لمبی پارٹنرشپ کی بھی ضرورت تھی، 200 سے زائد رنز درکار ہوں تو ایک دو بڑی پارٹنرشپ کی ضرورت ہوتی ہے۔

عمرگل کا کہنا تھا کہ عباس آفریدی کو میچ سے پہلے اور میچ کے دوران بتایا تھا کہ ہارڈ لینتھ کو استعمال کرنا ہے،سلواور ورائٹی کے ساتھ بولنگ کرنے کے لیے بھی کہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈنگ کی وجہ سے میچ کے نیتجے پر بہت اثر پڑتا ہے، کیچز ڈراپ کرنا مہنگا پڑا،اگر کیچز ہو جاتے تو نتیجہ مختلف ہوتا، سیریز کا پہلا میچ تھا، ہم بیٹھ کر اس پر بات کریں گے۔

بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ بابراعظم ہمارا ٹاپ پلیئر ہے، دنیا کے بہترین بیٹرزمیں سے ایک ہے،وہ آؤٹ فارم نہیں تھے، بعض اوقات قسمت ساتھ نہیں دیتی، ان سے بڑی اننگز کی توقع کر رہے تھے جو بدقسمتی سے نہیں ہو پا رہی تھی لیکن آج بابر نے جس انداز سے بیٹنگ کی اور جواسٹرائیک ریٹ رہا وہ خوش آئند ہے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف 35 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

مزید خبریں :