Time 13 جنوری ، 2024
جرائم

کراچی: 3 کروڑ سے زائد کے بینکنگ فراڈ میں ملوث بینک کا کیشئر گرفتار

ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے ٹرانزٹ کیش میں خوربرد کی، ملزمان نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 29 لاکھ 78 ہزار روپے غبن کیے: ایف آئی اے—فوٹو: جیو نیوز
ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے ٹرانزٹ کیش میں خوربرد کی، ملزمان نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 29 لاکھ 78 ہزار روپے غبن کیے: ایف آئی اے—فوٹو: جیو نیوز

کراچی سے 3 کروڑ سے زائد کے بینکنگ فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل نے چھاپہ مارا جس میں بینکنگ فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ملزم غلام محمد کو گرفتار کیا گیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال کے مطابق ملزم کراچی کے علاقے صدر میں واقع نجی بینک کی برانچ میں بطور کیشئر تعینات تھا،ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے ٹرانزٹ کیش میں خوربرد کی۔

 ملزمان نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 29 لاکھ 78 ہزار روپے غبن کیے، ملزمان نے زائد کیش کی آڑ میں مختلف برانچوں کو جعلی کیش ٹرانزٹ جاری کیں،ملزمان نے ٹرانزٹ کیش کی انٹریز بغیر اجازت کے جاری کیں۔ 

ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ برانچوں کی جانب سے کسی قسم کے کیش حصول کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی تھی، ملزمان نے کیش انٹری کرنے کے بعد مذکورہ رقوم کیش ٹرانزٹ کے لیے استعمال ہونے والی وین کے حوالے بھی نہیں کی تھیں، جعلی کیش انٹریز گزشتہ سال مئی، جون اور جولائی میں کی گئی تھیں۔ 

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان دھوکا دہی کرنے کے بعد فرار ہوگئے تھے، ملزم غلام محمد سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :