پاکستان
22 جنوری ، 2013

کامران فیصل موت انکوائری: نیب نے رینٹل پاور کیس کی تحقیقات روک دی

کامران فیصل موت انکوائری: نیب نے رینٹل پاور کیس کی تحقیقات روک دی

اسلام آباد…چیئرمین نیب فصیح بخاری نے کہا ہے کہ کامران فیصل کیس کی انکوائری مکمل ہونے تک رینٹل پاور کیس کی تحقیقات زیر التو ا رہے گی۔ دوسری جانب اپنے ساتھی کی پراسرار موت پرملک بھر میں نیب اہلکاروں نے احتجاج کیا اور حکومت کا کمیشن مسترد کرکے حاضر سروس جج سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔ نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کاکہنا ہے کہ نیب کے تفتیشی افسران کو اپنے تحفظ کے لیے چھوٹے ہتھیاروں کی تربیت دی جائے گی، کسی بھی تفتیشی افسر کودھمکی یا دباؤ کی صورت میں اس کا تحفظ کیا جائے گا اور اگر وہ درخواست کرے تو اسے اس کیس سے الگ کردیا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ کامران فیصل کمیشن کی تحقیقات اطمینان بخش نہ ہوئی تو نیب اپنی انکوائری بھی کرسکتا ہے۔ ادھر وفاقی حکومت نے کامران فیصل کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے قائم عدالتی کمیشن کی معاونت کے لیے ایڈیشنل آئی جی سندھ رفیق بٹ اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ہزارہ آزاد خان کو مقرر کردیا ہے۔ دوسری جانب کامران فیصل کی پراسرار موت پر نیب اہلکاروں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ نیب کے ملازمین نے کامران فیصل کی ہلاکت کی سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کرانے، غم زدہ خاندان کو دو کروڑ روپے دینے، اہم مقدمات پر کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو برطرف کرنے اور ملازمین کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں :