24 جنوری ، 2024
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب سے ٹیلی کام کمپنی کے ٹاور کی تنصیب کا کام کرنے والے 5 افراد کو اغوا کرلیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق ہوشاپ کے نواحی گاؤں ڈنڈار میں مسلح افراد نے پانچ افراد کو اس وقت اغوا کیا جب وہ سرکاری ٹیلی کام کمپنی کے ایک نئے ٹاور کی تنصیب کے لیے وہاں کام کر رہے تھے۔
لیویز حکام کے مطابق یہ افراد بغیر سکیورٹی کے اس علاقے میں کام کے لیےگئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تربت نے مغویوں کی بازیابی کے لیے لیویز کی ایک ٹیم روانہ کی ہے جس نے مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔