25 جنوری ، 2024
اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدارتی آرڈر1977کےتحت چیف کمشنرکے اختیارات عارضی بحال کر دیے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شہریار آفریدی ایم پی او کیس میں سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے انٹرا کورٹ اپیل پر نوٹس جاری کرکے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
تحریری حکم کے مطابق عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی اس مقدمے میں معاونت کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔
متفرق درخواست میں عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد کو 1977کے صدارتی آرڈر کے تحت حاصل اختیارات کو بھی عارضی طور پر بحال کردیا۔
یاد رہے کہ جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار غیر قانونی قرار دیا تھا۔
سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف چیف کمشنر، سیکرٹری داخلہ نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے۔