Time 25 جنوری ، 2024
پاکستان

نواز زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تاکہ جلدی کام مکمل ہو: عمران کا احتساب عدالت کے جج سے مکالمہ

8 سال پرانا کیس 13 فروری کو رکھا گیا، 4 سال پرانا کیس روز رکھا جاتا ہے: عمران خان کا جج محمد بشیر سے مکالمہ۔ فوٹو فائل
8 سال پرانا کیس 13 فروری کو رکھا گیا، 4 سال پرانا کیس روز رکھا جاتا ہے: عمران خان کا جج محمد بشیر سے مکالمہ۔ فوٹو فائل

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تاکہ جلدی کام مکمل ہو۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کا احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا توشہ خانہ میں نواز شریف اور آصف زرداری کو 13 فروری کی تاریخ دی گئی، میں روز سنتا ہوں کہ مجھ پر ایک کے بعد ایک کیس بنایا جارہا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تاکہ کام جلدی مکمل ہو، 8 سال پرانا کیس 13 فروری کو رکھا گیا، 4 سال پرانا کیس روز رکھا جاتا ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی ہمارے گواہان پیش ہونے ہیں، ان پر جرح ہونی ہے، میری استدعا ہے کہ کیس کی سماعت کل تک رکھیں جبکہ وکلا صفائی کی جانب سے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی نے جج سے استدعا کی کہ مجھے میرے وکلا سے مشاورت کی اجازت دی جائے، بشریٰ بی بی کے آنے اور جانے سے متعلق کچھ معلوم نہیں ہے، جیل کے اندر سخت سکیورٹی ہے، ایک کاغذ تک نہیں لانے دیا جاتا۔

پراسیکیوٹر امجد پرویز نے لقمہ دیتے ہوئے کہا نہیں سر، باہر زیادہ سخت سکیورٹی ہوتی ہے۔

احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی آئندہ سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی جبکہ ملزمان کو چالان کی نقول بھی فراہم کر دی گئیں، 6 فروری کی تاریخ فرد جرم کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :