کھیل
Time 25 جنوری ، 2024

ویرات کوہلی نے چوتھی بار آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا

پیٹ کمنز سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر اور کوہلی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتے ہیں—  فوٹو: فائل
پیٹ کمنز سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر اور کوہلی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتے ہیں—  فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2023 کے بہترین ون ڈے کرکٹر اور  سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر کا اعلان کر دیا۔

آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر کے لیے بھارت کے ویرات کوہلی ،رویندرا جڈیجا، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ورلڈکپ جیتنے والے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے درمیان مقابلہ تھا۔

آئی سی سی کے مطابق 2023 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ اور پھر کرکٹ ورلڈکپ جیتنے والے پیٹ کمنز  سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا سال 2023 شاندار رہا،انہوں نے 24 میچز میں 59 وکٹیں لیں اور 422 رنز اسکور کیے اور ساتھ ہی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ورلڈکپ ٹرافی جیتنے میں بھی کامیاب ہوئے۔

ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر 2023 کے لیے  بھارت کے ویرات کوہلی، محمد شامی ، شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل  مچل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

تاہم گزشتہ سال ورلڈکپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پانے والے بھارت کے ویرات کوہلی نے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

کوہلی نے یہ ایوارڈ ریکارڈ چوتھی بار جیتا ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے 3 بار ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ویرات کوہلی نے 2012، 2017 اور  2018 میں بھی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

کوہلی نے سال 2023 میں 27 ون ڈے میچز میں 1377 رنز اسکور کیے اور 12 کیچز بھی پکڑے اور ایک وکٹ بھی لی۔ان کی 24 اننگز میں6سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

اس کے علاوہ کوہلی نے 2023 میں سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑا، وہ ون ڈے کرکٹ میں 50 سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بنے۔

اس سے قبل آئی سی سی نے جمعرات کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا بھی اعلان کیا تھا۔

 ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ،عثمان خواجہ ،بھارت کے اسپنر روی چندرن ایشون اور انگلینڈ کے جوئے روٹ کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

تاہم آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے سال میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

عثمان خواجہ نے سال 2023 میں 13 ٹیسٹ میچز میں 1210 رنز اسکور کیے تھے۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ناقابل شکست 195 اور بھارت کے خلاف 180 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 


مزید خبریں :