کھیل
Time 24 جنوری ، 2024

سوریا کمار نے مسلسل دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت کے جارح مزاج بیٹر سوریا کمار یادیو نے مسلسل دوسری بار آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔

آئی سی سی نے سال 2023 کی مختلف کیٹیگریز کے بہترین کرکٹرز کا اعلان کر دیا  ہے۔

مینز  ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر  کے لیے نیوزی لینڈ کےمارک چیپمین، یوگینڈا کے ایلپیش رامجانی، زمبابوے کے سکندر رضا اور بھارت کے سوریا کماریادیو  کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

تاہم بھارت کے سوریا کمار یادیو سال 2023 میں شاندار کارکردگی دکھا کر مینز ٹی ٹوئنٹی  کرکٹر آف دی ایئر قرارپائے، انہوں نے یہ اعزاز مسلسل دوسری بار حاصل کیا ہے۔

سوریا کمار یادیو نے 2023 میں 17 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 48.86 کی اوسط سے 733 رنز اسکور کیے جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 155.95 رہا۔ 

دوسری جانب ویمنز کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلے میتھیوز سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی پلیئر رہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کرنے والے نیوزی لینڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر راچن رویندرا نے آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا ہے ۔

ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر آسٹریلیا کی فوئبے لچفیلڈ رہیں۔

اس کے علاوہ نیدر لینڈز کے باسڈیلیڈا مینز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے جبکہ کینیا کی کوئنٹر ایبل ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائیں۔

مزید خبریں :